Home Cricket فواد عالم نے ویرات کوہلی،روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا! بڑا ریکارڈ...

فواد عالم نے ویرات کوہلی،روہت شرما کو پیچھے چھوڑ دیا! بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا

ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانیوالے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور بھارتی اوپنر روہت شرما سے بہتر فرسٹ کلاس اوسط کے مالک بن گئے ہیں ۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو 2015ء کے بعد ون ڈے جب کہ 2010ء کے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے ۔

35 سالہ فواد عالم مئی 2017ء میں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم اس وقت کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا۔ فواد عالم نے اس رویے کے باوجود ہار نہیں مانی اور قومی ٹیم میں واپسی کے بعد سے رنز کے انبار لگانے لگے ہیں، زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں فواد عالم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنےکیریئر کی چوتھی سنچری سکور کی، وہ 140 رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔



35 سالہ فواد عالم اب تک 177 فرسٹ کلاس میچز میں 56.49 کی اوسط سے 13163 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 39 سنچریاں اور 61 نصف سنچریاں شامل ہیں اور اس وقت بھی کرکٹ کھیلنے والے بلے بازوں کی فہرست میں بہترین فرسٹ کلاس اوسط کے لحاظ سے 5ویں نمبر پر موجود ہیں۔

سری لنکن بلے باز پاتھم نسانکا 64.45 کی اوسط کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں ، بھارتی اوپنر شبمان گل 60.18 کی اوسط سے رنز سکور کرکے دوسرے،بنگلہ دیشی بلے باز مصدق حسین 57.35 کی اوسط کیساتھ تیسرے اور سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ 57.05 کی اوسط کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں ۔

بھارتی بلے باز روہت شرما 55.41 کی اوسط کےساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں ۔ فوادعالم کی فرسٹ کلاس اوسط لیجنڈری آسٹریلوی بلے باز رکی پونٹنگ (55.90)، سابق بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ (55.33) اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی (52.92) سے بھی زیادہ ہے۔ انہوں نے 2009ء میں سری لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی تھی۔